ایل سلواڈور بٹ کوائن کو سرکاری کرنسی بنانے والا دُنیا کا پہلا ملک

سان سلواڈور: ایل سلواڈور دنیا کا پہلا ملک بن گیا، جس کی سرکاری کرنسی بٹ کوائن ہے۔
ایل سلواڈور آج بٹ کوائن کو سرکاری کرنسی کے طور پر استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا، تاہم ملک میں امریکی ڈالر میں بھی لین دین کیا جاسکے گا۔
ایل سلواڈور رقبے کے لحاظ سے وسطی امریکا کے علاقے کا سب سے چھوٹا ملک ہے، اس کے فلسطینی نژاد صدر نجیب بوکیلی نے رواں سال جون کے اوائل میں بتایا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کو ایک قانونی بل بھیجیں گے، جس کا مقصد بٹ کوائن کو قانونی حیثیت دینا ہے۔


9 جون کو پارلیمنٹ کے 84 ارکان میں سے 62 نے اس قانون کے حق میں ووٹ دے دیا، جس کے بعد آج 7 ستمبر سے ملک میں بٹ کوائن کا قانونی کرنسی کے طور پر استعمال شروع ہوگیا ہے۔
بٹ کوائن میں سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو ایل سلواڈور میں مستقل قیام کا حق بھی ہوگا، واضح رہے کہ ایل سلواڈور کے تفریحی علاقے ایل زونٹے میں 2019 سے بٹ کوائن کا استعمال ہورہا ہے، یہاں ایک منصوبے کو Bitcoin Beach کا نام بھی دیا گیا ہے اور یہاں موبائل فون اور کمپیوٹر کے ذریعے ادائیگی کے لیے بٹ کوائن استعمال کرنے کی اجازت ہے۔
ملک کے 40 سالہ صدر نجیب بوکیلی شروع ہی سے بٹ کوائن کو قانونی شناخت دینے کے لیے پُرعزم تھے، ان کے مطابق اس کرنسی کو قانونی حیثیت دینے سے ہزاروں افراد کو مالیاتی نظام میں ملازمتوں کے مواقع ملیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔