پاکستان میں تعلیمی ادارے ستمبر میں کھولنے پر اتفاق!

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں اسکول، کالج اور جامعات کو ستمبر میں کھولنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
کووڈ 19 کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کے مسئلے پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
تمام صوبوں نے اپنی آرا اجلاس میں پیش کیں اور احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) کے ساتھ تعلیمی اداروں میں امتحانات کی اجازت دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں سخت ایس او پیز کے ساتھ کھولنے پر اتفاق کرلیا گیا اور پروفیشنل امتحانات لینے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ یکم ستمبر سے پہلے دو اجلاس منعقد کیے جائیں گے جس میں اس حوالے سے مزید تفصیلات طے کی جائیں گی۔
صوبوں سے مشاورت کے بعد تجاویز قومی رابطہ کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری کل دے گی۔
خیال رہے کہ کورونا وبا کے باعث تین ماہ سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔