نواز ادوار میں دوسروں کے مقابلے میں معاشی کارکردگی بہترین رہی، بلومبرگ

نیویارک: عالمی خبر رساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹ میں سیاسی مخالفین کے مقابلے نوازشریف کے دور میں معاشی کارکردگی کو بہترین قرار دیا گیا ہے۔
بلوم برگ کی جاری معاشی تجزیاتی رپورٹ میں مزری انڈیکس میں مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاشی مشکلات کو دیکھ کر کسی حکومت کی معاشی کارکردگی کا تجزیہ اور موازنہ کیا جاتا ہے۔
بلوم برگ کی جانب سے جاری معاشی تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران نوازشریف نے بہترین انداز میں معیشت سنبھالی، سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نوازشریف نے بہترین معاشی کارکردگی دکھائی، نوازشریف نے معاشی مشکلات میں پی ٹی آئی اور پی پی پی سے بہتر کارکردگی دکھائی۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اب بھی مقبول سیاست دان ہیں لیکن جیل میں ہیں، نواز شریف 8 فروری کو اقتدار کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ سروے میں بانی پی ٹی آئی57 فیصد اور نوازشریف مقبولیت میں 52 فیصد پر ہیں جب کہ گزشتہ 6 ماہ میں نواز شریف کی مقبولیت میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔
بلوم برگ اکنامکس رپورٹ میں شامل مانوک شکلا نے اپنے تجزیے میں کہا کہ عوام نواز شریف کو شک کا فائدہ دے رہے ہیں تاہم انتخابات جیتنے والی کسی جماعت کے لیے آگے کا سفر آسان نہیں ہوگا۔
مانوک شکلا نے اپنے تجزیے میں مزید کہا کہ مہنگائی ریکارڈ بلندی پر ہے، بے روزگاری بڑھ چکی ہے، مہنگائی 30 فیصد کے قریب ہے، گزشتہ برس فارن ایکسچینج ریزروز انتہائی بری حالت میں تھے، پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے بیل آﺅٹ پیکیج پر انحصار کررہا ہے، ایسے میں آنے والی حکومت کو عوام میں غیرمقبول پالیسیوں کو اختیار کرنا پڑسکتا ہے، سبسڈیز کا خاتمہ اور ٹیکسوں میں اضافہ کرنا پڑ سکتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔