آئی ایم ایف پروگرام کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چشمہ 5 نیوکلیئر منصوبہ سنگ میل اور پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کا عکاس ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جارہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا۔ ایسے منصوبوں کا افتتاح ان افواہوں کا موثر جواب ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ 4 ماہ میں پاکستان کو معاشی دباؤ سے بچانے کے لیے چین کی حکومت نے متعدد اقدامات کیے۔ مشکل وقت میں عظیم دوست کے تعاون کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ اور چینی حکومت کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ معاونت پر سعودی عرب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ چشمہ 5 نیو کلیئر منصوبہ سستی توانائی کی پالیسی کا تسلسل ہے۔ عالمی ایجنسی نے بھی منصوبے کو محفوظ قرار دیا ہے۔