کورونا تیزی سے پھیل رہا، صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے: ڈاکٹر فیصل

اسلام آباد: مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں، اگر احتیاط نہ کی گئی تو صورت حال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، پچھلے چند دنوں سے کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور کورونا کیسز کا دباؤ اسلام آباد، پنجاب اور پشاور میں زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز بڑھنے سے اسپتالوں اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور وبا کو روکنے میں انتظامی ایکشن کمزور دکھائی دے رہا ہے، انتظامیہ سے اپیل ہے کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کی شرح 4.5 فیصد سے بڑھ کر 9.5 فیصد پر آگئی ہے، ہجوم والی جگہ پر نہ جائیں اور شادیاں کھلی جگہوں پر رکھیں۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ خدارا کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو صورت حال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا، یہ وقت ہے کہ تقریبات کو سادہ رکھا جائے، کم سے کم افراد شریک ہوں، حالات بہتر ہوجائیں گے تو ہم بھرپور طریقے سے اپنی تقریبات کا اہتمام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، 70 سال کی عمر کے افراد قریبی سینٹر سے ویکسین لگواسکتے ہیں، خریدی گئی ویکسین کی اضافی کھیپ اس ماہ کے آخر تک موصول ہوجائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔