ڈبل سواری پر پابندی ختم، لاک ڈائون میں نرمی
کراچی: سندھ حکومت نے ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی، سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پچھلے 12/14 گھنٹوں میں بہت سارے بیانات اور خیالات سامنے آئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے سنگین حالات کا پیغام دیا، گزارش کی کہ اس اہم ایشو پر سیاسی تنقید سے گریز کیا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ایک ذمے دار حکومت کا فرض نبھاتے ہوئے سخت فیصلے کیے، اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سے بھی مشاورت ہوئی، بعد میں وفاقی وزیر اطلاعات نے متنازع بیان دیا کہ صوبے کو لاک ڈائون کا اختیار نہیں تھا، محکمہ داخلہ کا نوٹیفکیشن این سی او سی سے مشاورت کرکے جاری کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا کی تازہ صورت حال سے آگاہ کیا اور شہریوں سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے تعاون کی اپیل کی، ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سلطان سے بات کی، طے ہوا کہ این سی او سی سے نوٹیفکیشن جاری ہوگا، لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت کے ترجمان نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ سندھ حکومت کو اختیار نہیں ہے، ڈرافٹ نوٹیفکیشن این سی او سی کے ساتھ شیئر کیا، ہم نے زبانی نہیں بلکہ تحریری بات کی۔ اس موقع پر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے این سی او سی کے ساتھ شیئر کردہ دستاویز بھی دکھائیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی پر ان کا اعتراض تھا، ہم نے ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کردیا، این سی او سی نے کہیں نہیں کہا کہ لاک ڈاؤن نہ لگایا جائے، ہم کوشش کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت کے ساتھ چیزیں طے کریں، بدقسمتی سے جب یہ لوگ ٹی وی پر آتے ہیں تو ان کا موقف کچھ اور ہوتا ہے، میری گزارش ہے کہ سیاسی میدان میں اس معاملے کو نہ لایا جائے، اپنے عوام کو ہم نے اس مہلک وبا سے بچانا ہے، بیان بازی کرنے والوں کو کہتا ہوں کہ بیانات کے بجائے لوگوں کو قائل کریں، خدارا انتشار پیدا نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت نے جب لاک ڈاؤن لگایا تو ان کا کوئی اعتراض نہیں آیا، ہم نے بھی کوئی تنقید نہیں کی، کیونکہ ہم سنگینی کو جانتے ہیں، لاہور کی صورت حال کو بزدار صاحب بہتر جانتے ہیں، اسی طرح اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو کراچی کی سنگینی کا علم نہیں، نجی ہسپتال بھر چکے، سرکاری ہسپتال فُل ہورہے ہیں، یہ سیاست دانوں کا نہیں طبی ماہرین کا کام ہے، خدارا طبی ماہرین کی باتوں پر توجہ دیں، ٹاسک فورس کے طبی ماہرین نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز تھک گئے ہیں، ان کے ڈاکٹروں کو وائرس لگ رہا ہے، این سی او سی سے رجوع کرنے کے باوجود بیان بازی کی گئی، ویکسی نیشن کی ڈرائیو پاکستان میں سست روی کا شکار تھی، ہماری ٹاسک فورس نے فیصلہ کیا کہ اس پر سختی کی جائے، فیصلہ کیا کہ موبائل فون سم بند کردی جائے گی، پچھلے چار روز میں ویکسی نیشن میں بے پناہ اضافہ ہوا، مل کر متحد ہوکر کام کریں۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں سندھ میں ایک لاکھ 85 ہزار لوگوں نے ویکسی نیشن کروائی، یہ بڑی خبر ہے، ان شاء اللہ اس سے پورا پاکستان مستفید ہوگا، انہوں نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے، پابندی کی وجہ سے لوگوں کو ویکسی نیشن میں دشواری پیش آرہی تھی، مل کر بہت کچھ ہوسکتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں، دکانوں کو ایک ماہ کے لیے سربمہر کیا جائے گا، خواہ وہ دکان ہو یا فیکٹری۔ مستثنیٰ شعبہ جات اس سے مستثنی ہوں گے۔ کام کرنے کی اجازت صرف اس ادارے کو ہوگی جو اپنے ملازمین کی ویکسی نیشن کروائے گا۔ اگلے نو روز تک اختلافات کو ایک طرف رکھ دیں، ایم کیوایم پاکستان کا شکر گزار ہوں انہوں نے حیدرآباد کی ریلی منسوخ کی، میں نے کھلے عام ان کی تعریف کی ہے۔