نادر شاہی حکم کے تحت نادر لاک ڈاؤن لگانا افسوس ناک ہے: حلیم عادل شیخ

کراچی: پی ٹی آئی رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں لاک ڈاؤن سے ملکی معاشی شہہ رگ کو بند کرنا چاہتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کل کراچی سمیت سندھ بھر میں نادر شاہی حکم کے تحت نادر لاک ڈاؤن لگانا افسوس ناک ہے، یہ سازش ہے، لاک ڈاؤن حکومت اور پولیس کی بھتہ خوری کے لیے لگایا گیا ہے، کراچی سے ملک بھر میں معیشت کا پہیہ چل رہا ہے، ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن ملک کو کئی مہینے پیچھے لے جاتا ہے، وزیراعلیٰ کل اپنے ہوش میں نظر نہیں آرہے تھے، لاک ڈاؤن ہونے سے ریونیو کم اکٹھا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ صرف ڈاکٹر کے کہنے پر اور مال پانی اکٹھا کرنے کے لیے کراچی میں لاک ڈاؤن لگایا گیا، حالانکہ صرف متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا تھا، کیونکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح مختلف ہے، لیکن سب کچھ بند کرکے یہ لوگ پاکستان کی شہہ رگ بند کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت کے خلاف سندھ حکومت سازش کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی نہیں پاکستان دشمنی کررہی ہے، ٹرانسپورٹ بند ہے، ایسے میں اگر فیکٹریاں کھول بھی دیں تو کیا مراد علی شاہ مزدوروں کو چھوڑ کر آئیں گے، شہر کچراکنڈی بنا ہوا ہے جس سے تعفن اور بیماریاں پھیل رہی ہیں، پوچھتا ہوں کہ سندھ حکومت نے ٹھیک طرح سے کورونا ویکسی نیشن کیوں نہیں کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔