ڈالر کی قیمت میں 9 روپے کی بڑی کمی، 231 کا ہوگیا
کراچی: بالآخر کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے، ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ رُکا اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر کے پر کترتے نظر آتے ہیں، جس کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھ رہی ہے۔
بدھ کو کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر کے سامنے روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی اور ڈالر مسلسل نیچے رہا۔
انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں 9 روپے 38 پیسے کی کمی ہوگئی اورانٹربینک میں ایک ڈالر 231 روپے پر آگیا۔
اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں تیزی سے کمی ہوئی اور روپیہ تگڑا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 229 روپے کا ہوگیا۔
چند روز سے انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 46 پیسے کم ہوکر 238 روپے 38 پیسے رہا تھا۔
قبل ازیں انٹربینک میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری تھا اور ڈالر کی قیمت 240 روپے تک جاپہنچی تھی۔
ڈالر کی قیمت میں ہوش رُبا اضافے کے باعث ناصرف ملک پر قرضے کے بوجھ میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا، بلکہ مہنگائی بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی۔