ڈالر اور ریال کی اونچی اڑان، یورو اور پاؤنڈ کی قدر گرگئی
کراچی: گزشتہ ہفتے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر اور ریال کی اڑان جاری رہی جب کہ یورو اور پاؤنڈ کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔
ہفتہ وار کاروبار کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر اتار چڑھاؤ کے بعد 179 روپے سے نیچے آگیا جب کہ ڈالر کے انٹربینک ریٹ 177روپے کی سطح کو چھونے کے بعد دوبارہ 177 روپے سے نیچے آگئے۔
ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 54 پیسے بڑھ کر 176.77 روپے ہوگئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 80 پیسے گھٹ کر 178.50 روپے ہوگئی۔
برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 2.90روپے گھٹ کر 236.36 روپے ہوگئے جب کہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 1.50 روپے گھٹ کر 241 روپے ہوگئی۔
انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 2.80 روپے گھٹ کر 196.86 روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 1.50 روپے گھٹ کر 199.95 روپے ہوگئی۔
انٹربینک میں سعودی ریال کی قدر 87 پیسے بڑھ کر 47.11 روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 25 پیسے بڑھ کر 47.45 روپے ہوگئی۔
بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور ڈیمانڈ برقرار رہنے کے باعث گذشتہ ہفتے ڈالر کی اڑان جاری رہی۔ ہفتے کے بعض کاروباری سیشنز میں ڈالر کی قدر کم بھی ہوئی لیکن بے یقینی معاشی کیفیت نے ڈالر کی اڑان کو سہارا دیا۔
کروڈ آئل کوئلے اور دیگر کموڈٹیز کی عالمی قیمت بڑھنے سے ڈالر کی قدر بڑھی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز کے اجراء نے ڈالر کی اڑان کو محدود رکھا، آئی ایم ایف سے ڈیل ہونے کی صورت میں ڈالر کی تنزلی کا امکان ہے۔