انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا، سونا بھی گراں

کراچی: سونے اور ڈالر کی قیمت میں پھر اضافہ، زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے سے انٹربینک ریٹ 222 روپے اوراوپن مارکیٹ ریٹ 229 روپے ہوگیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی محدود پیش قدمی جاری ہے، جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 69پیسے کے اضافے سے 222.60روپے کی سطح پر بھی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر انٹربینک ریٹ 50 پیسے کے اضافے سے 222.41روپے کی سطح پر بند ہوئے، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی 9 دنوں بعد جمود ٹوٹ گیا اور بدھ کو ڈالر کے اوپن ریٹ 1.25روپے کے اضافے سے 229 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کریڈٹ ڈیفالٹ سواپ رسک یومیہ بنیادوں پر بڑھنے اور پاکستان کے عالمی سکوک اور یوروبانڈز کی ایلڈ بھی بڑھنے سے پاکستانی روپے پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے کیونکہ ان عوامل سے عالمی سطح پر اس بات کا اشارہ مل رہا ہے کہ ادائیگیوں کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
صنعتوں کے لیے تین ماہ کے طویل دورانیے پرمحیط قدرتی گیس کی سپلائی بند کیے جانے سے زرمبادلہ کمانے کا اہم برآمدی شعبہ متاثر ہوسکتا ہے، جس سے برآمدات اور آمدن گھٹنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، لہٰذا ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مطلوبہ اضافہ دوست ممالک کے تعاون اور عالمی مالیاتی اداروں کی فنڈنگ پر منحصر ہوگیا ہے جس کے حصول میں تاحال ناکامی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی قیمت ایک ہزار آٹھ سو پچاس روپے بڑھی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 1850 روپے اضافے کے بعد ملک میں ایک تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 58 ہزار 850 روپے ہوگیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔