اہرامِ مصر میں ایک بڑی سرنگ کی دریافت
قاہرہ: فراعین مصر کے احوال زیست اور اہرام مصر سے متعلق آئے روز نت نئے پردے چاک ہورہے ہیں، اب پہلی مرتبہ ایک بند سرنگ کھودی گئی ہے جو سب سے بڑے اور مشہور گیزا اہرام میں دریافت ہوئی ہے۔
گزشتہ روز مصر کے محکمہ آثار قدیمہ نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم (گریٹ) اہرام میں واقع ہے جو لگ بھگ 4500 سال قدیم بھی ہے۔ برآمدے نما یہ کوریڈور خوفو نامی ایک چھوٹے اہرام کے شمالی رخ پر واقع ہے۔ جدید اسکیننگ ٹیکنالوجی سے اس راستے کا سراغ ملا تھا۔ اسے کھولا گیا تو یہ 9 میٹر طویل اور دو میٹر وسیع نکلا، لیکن ماہرین اب تک اس کا مصرف بتانے سے قاصر ہیں۔
یہ اہرام میں جانے کے مرکزی راستے کے عین اوپر واقع ہے۔ اس کا اعلان کرتے ہوئے آثارِ قدیمہ کے مصری ماہر زہی ہواس نے بتایا کہ اہرام پر مزید تحقیقات کے لیے 2015 سئ اسکیننگ کا بین الاقوامی منصوبہ شروع کیا گیا تھا جس کے بعد یہ پہلی دریافت سامنے آئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی سے اہرام کے کئی گوشے دیکھے جائیں گے، تاکہ مزید ممکنہ دریافتوں کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس سروے میں فرش کے نیچے دیکھنے والے ریڈار اور الٹراساؤنڈ ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی گئی ہے اور توقع ہے اس سے مزید دریافتیں سامنے آئیں گی۔