ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی، پٹرول کے نرخ برقرار
اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی جب کہ پٹرول کے نرخ برقرار رکھے گئے ہیں۔
وزارتِ خزانہ نے ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 77 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا جب کہ پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے فی لیٹر جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت 279 روپے 75 پیسے برقرار رہے گی جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 285 روپے 56 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 16 مارچ سے 31 مارچ تک ہوگا۔