دسویں، بارہویں کے امتحانات 10 جولائی کے بعد لینے کا فیصلہ
اسلام آباد: دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 10 جولائی کے بعد لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دسویں اور بارہویں کے بعد دیگر جماعتوں کے امتحانات لیے جائیں گے، نویں اور دسویں جماعت کا امتحان منتخب مضامین اور ریاضی میں ہوگا، 11ویں اور 12ویں کے امتحانات منتخب مضامین میں لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بڑے فیصلے کرنا پڑے، طلبا کی آسانی کے لیے منتخب امتحانات لے رہے ہیں، 9ویں اور 10ویں جماعت کا امتحان 4 مضامین میں ہوگا۔
وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے بند کرنا کسی بھی حکومت کے لیے آسان فیصلہ نہیں ہوتا، تعلیمی اداروں کے لیے مشکل فیصلے کرنا پڑے، جتنے بھی وزارت تعلیم نے فیصلے کیے وہ متفقہ طور پر کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ امتحانات کے بغیر بچے پاس کرنے سے تجربہ حاصل ہوا، فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بھی گریڈز امتحانات کے بغیر نہیں ملیں گے، سب سے فیئر ٹیسٹ ایکسٹرنل امتحانات کا ہوتا ہے جس میں پیمانہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اولیول کے بچوں کے لیے کیمبرج نے جولائی میں امتحانات لینے کا فیصلہ کیا ہے، او لیول کے بچے 26 جولائی سے 6 اگست تک امتحانات دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طے ہے کہ نویں، دسویں، گیارہویں، بارہویں کے امتحانات ہوں گے، یہ شکایت درست کہ اسکولز بند ہونے سے کورس مکمل نہیں ہوسکا، ہم نے تعلیمی سلیبس 40 فیصد کم کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسکولز بند ہوتے رہے کھلتے رہے جس سے یکسوئی سے پڑھائی نہ ہوسکی، بورڈ کو ہدایت دی گئی امتحانات کے پرچوں میں وقفہ رکھا جائے، ہم چاہتے ہیں ستمبر تک سارے نتیجے آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ 10ویں اور 12ویں کلاسز کھول دی گئی ہیں، کوئی بھی استاد کورونا ویکسین لگائے بغیر امتحان نہیں لے گا۔