ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ، 10 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے کیس کی سماعت کی، اسی سلسلے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اپنے وکیل کے ساتھ عدالت پیش ہوئے۔
اسحاق ڈار کے وکیل نے دوران سماعت وارنٹ مستقل طور پر منسوخ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کا آرڈر بھی ختم کیا جائے، وہ اب عدالت کے سامنے موجود ہیں۔
اسحاق ڈار کے وکیل کے مؤقف پر جج نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے خود بھی اسحاق ڈار کے کوئی وارنٹ جاری کیے تھے؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ نیب نے وارنٹ جاری کیے تھے لیکن وہ معطل ہوگئے تھے۔
بعد ازاں عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے اور انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔