ملاوی اور موزمبیق میں سمندری طوفان سے 400 افراد ہلاک

لی لونگوے/ ماپوٹو: ملاوی اور موزمبیق میں سمندری طوفان فریڈی سے ہلاکتوں کی تعداد 400 سے زائد ہوگئی جب کہ کئی افراد اب بھی لاپتا بتائے جاتے ہیں۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان فریڈی ہفتے کو پہلے موزمبیق اس کے بعد ملاوی کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا، طوفانی ہواؤں سے متاثرہ افریقی ممالک میں مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں، درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، موسلادھار بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
ملاوی حکام کے مطابق ملاوی میں سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 326 تک پہنچ گئی جب کہ 700 افراد زخمی ہیں، دوسری جانب موزمبیق میں اموات کی تعداد 53 ہے جب کہ مڈغاسکر میں 27 افراد ہلاک ہوئے۔
حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے، ملاوی میں متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، سمندری طوفان فریڈی گزشتہ ماہ بھی موزمبیق، ملاوی اور مڈغاسکر سے ٹکرایا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔