سی پیک مخالفین نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے، چینی تھنک ٹینک
اسلام آباد: چینی تھنک ٹینک سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن کے نائب صدر وکٹر گاؤ کا کہنا ہے دنیا میں کچھ طاقتیں چین اور پاکستان کی بڑھتی دوستی نہیں دیکھنا چاہتیں۔
وکٹر گاؤ کا نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہنا تھا پاک چین دوستی کے مخالف نہیں چاہتے کہ پاکستان بہتر رابطوں کے منصوبوں سے جڑے، وہ یہ بھی نہیں چاہتے کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو اور یہاں معاشی ترقی کے لیے کوآرڈی نیشن ہو۔
ان کا کہنا تھا ملکوں کے نام نہیں لینا چاہتا، تاہم سی پیک کی مخالفت کرنے والے ممالک کی فہرست بڑی واضح ہے، آپ کے پڑوسی بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ نہیں، وہ بضد ہیں کہ بی آر آئی منصوبہ وہاں سے گزرے جہاں کے وہ دعویدار ہیں لیکن چین اور پاکستان اس بات سے متفق نہیں ہیں۔
نائب صدر چینی تھنک ٹینک سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن کا کہنا ہے، چین اور پاکستان ایک پیج پر ہیں، ہم اسے اکٹھے کرنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوں۔
وکٹر گاؤ کا کہنا تھا پاکستانی عوام، حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ پاکستان نے چینی ورکرز، انجینئرز، اساتذہ اور سرکاری حکام کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا، دنیا کے کسی بھی حصے میں کچھ ہو اس کی خبر چین میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلتی ہے، اگر کسی چینی باشندے کی زندگی ضائع ہو تو وہ خبر بھی جنگل کی آگ کی طرح پھیلے گی، اس سے بے چینی، مایوسی پیدا ہوگی، یہ معاشی تعاون کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
نائب صدر چینی تھنک ٹینک کا کہنا تھا ہم پاکستان میں کام کرتے چینیوں کے ساتھ پاکستانی عوام کے لیے بھی تعاون کے خواہاں ہیں، اگر آپ استحکام کی اہلیت نہیں رکھتے تو غیر ملکی سرمایہ یہاں آنے سے گریز کرے گا، غیر ملکی سرمایہ شیلف کردیا جائے گا یا روک دیا جائے گا تو ملک و عوام کو نقصان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا چین اور پاکستان کو جدید راہیں اختیار کرنا ہوں گی، ہمیں چینی اور پاکستانی ورکرز کے تحفظ کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو استعمال کرنا ہوگا۔
چینی تھنک ٹینک کے نائب صدر کا کہنا تھا پاکستانی عوام اپنے طریقہ کار کے تحت جس بھی رہنما کو منتخب کریں چین اس کا احترام کرتا ہے۔