کورونا وبا سے مزید 131 افراد جاں بحق، 5112 نئے مریض!
اسلام آباد: کورونا وبا کے باعث پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 131 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد مجموعی اموات 17 ہزار 811 ہوگئیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 99 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 11,788,12 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 112 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 820,823 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 82 ہزار 445، پنجاب میں 3 لاکھ ایک ہزار 114، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 17 ہزار 557، اسلام آباد میں 75 ہزار 67، بلوچستان میں 22 ہزار 278، آزاد کشمیر میں 17 ہزار 57 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 305 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد91 ہزار 547 ہے جب کہ 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 131 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد مجموعی طور پر 17 ہزار 811 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 3 ہزار 272 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 711,465 ہوگئی ہے۔