کورونا وبا سے 84 افراد جاں بحق، 4723 نئے مریض!
اسلام آباد/ کراچی: پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار723 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 84 افراد جاں بحق ہوگئے۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 50 ہزار 186 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے، 4 ہزار 723 کیسز رپورٹ ہوئے، اس طرح کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.41 فیصد رہی جو گزشتہ روز کے مقابلے میں معمولی کم ہے۔
ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 82 ہزار 888 ہوگئی ہے۔ پنجاب 2 لاکھ 25 ہزار 953، سندھ 2 لاکھ 65 ہزار 917، خیبر پختونخوا 89 ہزار 225، بلوچستان 19 ہزار 610، اسلام آباد میں 59 ہزار 401، آزاد کشمیر 12 ہزار 984 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 45 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 2 ہزار 486 کورونا مریضوں نے وبا کو شکست دے دی، اس طرح اس وبا سے صحت یاب مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 9 ہزار 691 ہوگئی ہے۔
کورونا نے ملک میں مزید 84 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیے ہیں، اس طرح اب تک ملک میں اس وبا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 14 ہزار 697 ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں، جہاں 6 ہزار 485 افراد اس وبا کے ہاتھوں لقمۂ اجل بنے ہیں، سندھ میں 4 ہزار 504، خیبر پختونخوا 2 ہزار 382، اسلام آباد 572، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 209 اور آزاد کشمیر میں 358 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 58 ہزار 500 ہوگئی ہے، جن میں سے 3 ہزار 490 کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔