کورونا وبا کے باعث اوسط عمر میں بڑی کمی کا انکشاف

جنیوا: کورونا وبا کے بعد سے عالمی سطح پر میعادِ زندگی میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اقوامِ متحدہ کی دنیا کی آبادی سے متعلق تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 2019 کی نسبت 2021 میں عالمی سطح ہر لوگوں کی اوسط عمر میں قریباً دو سال کمی آئی۔
عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بولیویا اور روس جیسے دیگر کچھ ممالک میں اوسط عمر میں چار سال سے زیادہ کی ڈرامائی کمی دیکھنے میں آئی۔
کووڈ کا پہلا کیس چین میں 2019 کے آخر میں ریکارڈ ہوا جب کہ باقی دنیا میں یہ انفیکشن 2020 میں پھیلنا شروع ہوا۔ تب سے ایک اندازے کے مطابق 67 لاکھ سے زائد افراد وائرس کے سبب ہلاک ہوچکے ہیں۔
گزشتہ روز شائع شدہ رپورٹ میں اقوامِ متحدہ کو معلوم ہوا کہ کووڈ کی عالمی وبا کے باعث عالمی آبادی میں تبدیلی آئی۔
رپورٹ کے مطابق 2021 میں عالمی میعادِ زندگی 71 سال تک گِر گئی۔ یہ میعاد 2019 میں 72.8 سال تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایسا ہونے کی بڑی وجہ کورونا وائرس کی عالمی وبا ہے، اس وبا کا میعادِ زندگی پر اثر مختلف خطوں اور ممالک میں مختلف ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بولیویا، بوٹسوانا، لبنان، میکسیکو، عمان اور روس میں 2019 سے 2021 کے درمیان زندگی کے دورانیے میں چار سال سے زائد کی کمی ہوئی۔
اقوامِ متحدہ کے اندازے کے مطابق عالمی میعادِ زندگی 2050 تک دوبارہ بڑھ کر 77.2 سال تک ہوجائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔