ایک کروڑ 17 لاکھ پاکستانی کورونا ویکسین سے مستفید ہوئے

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں۔ پاکستان کے طول و عرض  میں ویکسی نیشن سینٹرز پر لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، مجموعی طور پر ایک کروڑ 17 لاکھ 45 ہزار 889 خوراکیں استعمال کی جاچکی ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں 3 لاکھ 69 ہزار 274 افراد کی ویکسی نیشن مکمل کی گئی۔ صوبے میں اس وقت 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو واک ان ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ 18 سال سے زائد عمر کے 46 لاکھ 33 ہزار 814 افراد کو ویکسین کی پہلی جب کہ 9 لاکھ 98 ہزار 711 افراد کو دوسری ڈوز بھی لگائی جاچکی ہے۔
سندھ میں بھی ویکسی نیشن جاری ہے۔ اب تک 24 لاکھ 66 ہزار 458 کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ 19 لاکھ 53 ہزار 834 افراد کو پہلی ڈوز جب کہ 5 لاکھ 12 ہزار 624 کو دونوں خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ سندھ میں کورونا ویکسین لگانے کی شرح 7.11 فیصد ہے۔
بلوچستان میں اب تک ایک لاکھ 85 ہزار 6 سو 71 افراد کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل ہوچکا۔ ایک لاکھ 49 ہزار 58 افراد کو پہلی ڈوز لگائی جاچکی ہے جب کہ 36 ہزار 631 افراد کو دوسری ڈوز بھی لگ چکی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 46 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 828 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 44 ہزار 65 ہوگئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔