کورونا وبا سنگین، 48 جاں بحق، 2954 نئے مریض!
اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کی دوسری وبا سے مزید 48 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ مزید 2 ہزار 954 مریضوں میں اس کی تشخیص ہوئی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39 ہزار 165 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک بھر میں مجموعی طور پر 52 لاکھ 56 ہزار 120 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 954 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اس طرح کورونا کے مصدقہ مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 تک جا پہنچی ہے۔ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 64 ہزار 651، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 932، بلوچستان میں 16 ہزار 846، اسلام آباد میں 27 ہزار 555، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558 جب کہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 203 ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے مزید 48 افراد جان کی بازی ہار بیٹھے ہیں، اس طرح وبا سے ملک میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی ہے، پنجاب میں 2 ہزار 879، سندھ میں 2 ہزار 845، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 330، بلوچستان میں 163، آزاد کشمیر میں 147، گلگت بلتستان میں 95 جب کہ اسلام آباد میں 285 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 875 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں، اس طرح ملک میں کورونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 760 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اس وقت کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار 379 ہے۔ جن میں سے ایک ہزار 751 کی حالت تشویش ناک ہے۔