کورونا مریض کے بطور گواہ عدالت میں پیش ہونے پر کھلبلی
کراچی: کورونا مریض کے عدالت میں بطور گواہ پیش ہونے پر کھلبلی مچ گئی۔
احتساب عدالت کراچی میں مصطفیٰ کمال اور دیگر کے خلاف پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس کی سماعت کے دوران عجیب وغریب واقعہ پیش آیا۔ استغاثہ نے کورونا پازیٹو مریض کو بطور گواہ عدالت میں پیش کردیا۔ اس کے کورونا مریض ہونے کے انکشاف کے بعد عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔ عدالت نے فوری طور پر اسے کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔
سماعت میں سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے 23 دسمبر کو مصطفیٰ کمال اور دیگر کے خلاف مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
بعدازاں سابق سٹی ناظم اور پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایک بھی منتخب بلدیاتی رکن نہیں، ڈھائی سال بعد وزیراعظم کہتے ہیں بلدیاتی نظام لائے ہیں، آپ نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے جو بات کی دل چاہ رہا ہے آپ کا ماتھا چوم لوں، سب سے پہلے آپ کو انتخابی اصلاحات کرنا ہوں گی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیرمین لگانے کے لیے آپ کو اپوزیشن سے بات کرنا ہوگی۔