کورونا سے 64 افراد جاں بحق، 1910 نئے مریض!
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 64 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 821 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 78 لاکھ 4 ہزار 935 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 910 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 39 ہزار 387 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 43 ہزار 683، پنجاب میں ایک لاکھ 55 ہزار 805، خیبر پختونخوا میں 66 ہزار 198، اسلام آباد میں 41 ہزار 76، بلوچستان میں 18 ہزار 788، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 931 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 906 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار 295 ہے جب کہ2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 64 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد مجموعی طور پر 11 ہزار 514 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 371 مریض صحت یاب ہوئے، جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار 578 ہوگئی ہے۔