کورونا وبا سنگین: 84 جاں بحق، 2972 نئے مریض!
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 84 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 39 ہزار 171 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 62 لاکھ 16 ہزار 060 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 972 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 51 ہزار 494 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ ایک ہزار 080، پنجاب میں ایک لاکھ 30 ہزار 122، خیبر پختونخوا میں 54 ہزار 021، اسلام آباد میں 35 ہزار 700، بلوچستان میں 17 ہزار 868، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 893 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 810 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 42 ہزار 478 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 447 کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 84 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار 164 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 261 افراد نے کورونا کو شکست دے دی، جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 99 ہزار 852 ہوگئی ہے۔