ٹرمپ نے کورونا کو پھر چینی وائرس قرار دے دیا!
واشنگٹن: ٹرمپ کے وکیل بھی کورونا وائرس کی زد میں آگئے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹر کے ذریعے بتایا کہ ان کے وکیل روڈی گیولیانی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں روڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیویارک کی تاریخ میں شہر کے سب سے بہتر میئر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی ٹویٹ میں کورونا وائرس کو چائنیز وائرس قرار دیتے ہوئے کہا کہ روڈی چین کے وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
ٹرمپ نے انتخابات کو بھی دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روڈی امریکی تاریخ کے انتہائی دھاندلی زدہ الیکشن کو بے نقاب کرنے کے لیے انتھک محنت کررہے ہیں۔
امریکی صدر نے اپنے وکیل کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد ایک بار پھر اپنا کام شروع کریں گے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 76 سالہ روڈی گیولیانی امریکی انتخابات کے نتائج پر ٹرمپ کی قانونی ٹیم کی سربراہی کررہے ہیں، تاہم اب وہ کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد واشنگٹن کے اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔