ٹرمپ کے بعد امریکا سے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں، چین

بیجنگ: تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین اور امریکا کی بزنس کونسل سے خطاب میں امریکا کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں صدر کی تبدیلی سے چین کے ساتھ ایک بار پھر غیر جانبدارانہ تعلقات بحال ہوسکتے ہیں۔
وانگ ژی نے مزید کہا کہ تنازعات کا حل ’ٹیبل ٹاک‘ میں ہے اور دونوں ممالک کے لیے یہ وقت بہترین ہے جب امریکی انتظامیہ میں بڑی تبدیلی آرہی ہے جس سے پالیسیوں میں نرمی اور غیر جانبداری کا امکان بڑھ گیا ہے۔
چین کے وزیر خارجہ کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ نے ہانگ کانگ میں عوامی نمائندوں پر مقدمات بنانے کی مذمت کرتے ہوئے چینی حکام پر نئی پابندیوں کا عندیہ دیا ہے، جس پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ کے دور میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات انتہائی کشیدہ رہے، جس کے گہرے اثرات عالمی اقتصادیات پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔