کورونا کیسز بڑھ رہے، ایسے میں اسکول کھولنا درست نہیں، عذرا پیچوہو

کراچی: سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے لہٰذا موجودہ صورت حال میں اسکول کھولنا درست فیصلہ نہیں ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وائرس کی شرح 1.5 فیصد سے 3 فیصد تک بڑھ گئی ہے، موجودہ حالات میں کورونا کی دوسری لہر کی پیش گوئی ہے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کورونا کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، موجودہ صورت حال میں اسکول کھولنا درست عمل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکول کھولنے پر تحفظات ہیں، پرائمری اسکولوں کو کھولنے میں جلدی نہ کی جائے، پرائمری اسکولوں کو کم سے کم ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت دینا ضروری ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ صورت حال واضح ہونے پر ہی بچوں کو اسکول بھیجنا درست ہوگا۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں سے وابستہ 185 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق تعلیمی اداروں میں 35 ہزار339 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، یونیورسٹیوں، کالجوں اور ہائی اسکولوں کے 25 ہزار افراد کی رپورٹس منفی آچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے 29 اضلاع میں پازیٹو کیسز میں سے زیادہ تر کراچی کے ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) ملک بھر میں مڈل اسکولز کھولنے کی اجازت دے چکی ہے، تاہم حکومت سندھ نے چھٹی تا آٹھویں جماعت کے اسکول کھولنے کا فیصلہ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد مؤخر کر رکھا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔