ہر جگہ کول کول، گرمی سے نجات دلانے والی جیکٹ تیار

ہانگ کانگ: اب لوگ گھر، آفس میں ہوں یا باہر، ہر جگہ ٹھنڈ سے مستفید ہوسکیں گے۔ اس حوالے سے دلچسپ ایجاد سامنے آئی ہے۔ یہ حیرت انگیز ایجاد آن ہوتے ہی صرف تین منٹ میں اطراف کا درجہ حرارت 33 درجے فیرن ہائٹ تک کم کرسکتی ہے۔
یہ صدری یا سینے پر پہنے جانے والی جیکٹ نما شے ہے جسے یو ایس بی سے چارج کیا جاسکتا ہے۔ دلچسپ بات کہ اس میں برف اور پانی شامل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بس اسے دھڑ کے اوپری حصے پر پہنیں اور بٹن دباکر آن کردیں۔ اس کے بعد صرف تین سیکنڈ میں طاقتور ٹھنڈک خارج ہوگی جو بدن کے اطراف کو 33 درجے فیرن ہائٹ تک سرد کردیتی ہے۔
اسے یوکُولٹی کا نام دیا گیا ہے جو آپ کو سارا دن ٹھنڈا اور خشک رکھتی ہے۔ یہاں تک کہ اسے پہن کر سخت گرمی اور دھوپ میں بھی معمول کا کام کیا جاسکتا ہے۔ یوکُولٹی بہت تیزی سے پورے بدن کو سرد کرتی اور دن بھر تپتی ہوئی جلن سے بچاتی ہے۔
اس میں غیرمعمولی ریڈی ایٹر اور خاص ڈیزائن کردہ ٹھنڈا کرنے والا نالیاں بنائی گئی ہیں جو دور تک سرد ہوا پھینکتی ہیں۔ ریڈی ایٹر میگنیشیئم کی بھرت سے بنایا گیا ہے اور اسی وجہ سے بہت ہلکا پھلکا بھی ہے۔
یوکُولٹی کو دیکھنے پر گمان ہوتا ہے کہ یہ ایک بھاری بھرکم پہناوا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر اس کا وزن صرف ایک پونڈ سے کچھ زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے کھلاڑی اور دوڑنے والے افراد آسانی سے پہن کر ورزش کرسکتے ہیں۔ دوسری اہم بات کہ اسے الگ کرکے دھونا اور صاف کرنا بہت آسان ہے۔
اس دلچسپ ایجاد کے کئی ماڈل بنائے گئے ہیں جن کی فروخت ماہِ ستمبر سے شروع کردی جائے گی۔ ایک ماڈل کی قیمت 109 ڈالر جب کہ دوسرے ماڈل کی قیمت 89 ڈالر ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔