عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کیلیے کنزیومر پروٹیکشن سیل کی کاوشیں
اشیاء پر قیمت، ایکسپائری ڈیٹ نہ ہونے پر تین بیکرز پر جرمانہ
کراچی: شہر قائد کے عوام کو معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اشیاء کی فراہمی کے اپنے مشن پر کنزیومر پروٹِیکشن سیل پوری تندہی سے گامزن ہے اور اس حوالے سے اُس کی جانب سے سنجیدہ کوششیں سامنے آرہی ہیں۔
کنزیومر پروٹیکشن کورٹ شرقی نے تین بیکرز کو ایکسپائری ڈیٹ، اشیاء پر قیمت نہ لکھنے اور خریداری رسید نہ ہونے پر جرمانہ عائد کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی جاوید علی کوریجو نے تینوں بیکرز پر 25,25 ہزار جرمانہ عائد کیا ہے۔
کنزیومر پروٹیکشن سیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ نواز میر نے متعلقہ بیکرز کا معائنہ کیا، جہاں بیکری آئٹمز سمیت دیگر اشیاء پر قیمت، ایکسپائری ڈیٹ نہ ہونے پر نوٹس بھیجا گیا تھا۔
اس پر بیکرز کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ دینے پر حکام نے معاملہ عدالت کو بھیج دیا تھا۔
خیال رہے کہ کنزیومر پروٹیکشن سیل اور کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کی مشترکہ کاوشوں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر پہلے بھی جرمانے عائد ہوچکے ہیں۔