پی ٹی آئی کا عمران خان حملے کے مقدمے کیلیے عدالت عظمیٰ سے رجوع
لاہور: عمران خان حملے کے مقدمے کے لیے پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ رجسٹری میں آئینی درخواست دائر کردی جس میں نامزد ملزمان کے نام شامل نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔
درخواست شاہ محمود قریشی، عثمان بزدار، شفقت محمود اور دیگر اراکین پارلیمان نے دائر کی۔
درخواست میں اعظم سواتی کے واقعے پر کارروائی کرنے اور ارشد شریف کے پسماندگان کی داد رسی کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
عثمان بزدار نے درخواست ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ اعجاز گورائیہ کے پاس جمع کروائی۔ ڈپٹی رجسٹرار نے تحریک انصاف کی آئینی درخواست وصول کرکے درخواست کا ڈائری نمبر فراہم کر دیا۔
موقف اپنایا گیا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست دائر کی ہے، سپریم کورٹ ان معاملات پر سوموٹو نوٹس لے کارروائی کرے۔
پی ٹی آئی نے مختلف واقعات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بھی درخواست دائر کردی۔ درخواست پر 26 ایم این ایز اور ایم پی ایز کے دستخط موجود ہیں۔
موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان پر حملہ، اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو اور ارشد شریف کے قتل کی عدالتی تحقیقات کروائی جائیں، اب تمام واقعات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروائی جائے۔
اسی طرح کی درخواست سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں ڈپٹی اسپیکر محمود جان، صوبائی وزراء عاطف خان، شوکت یوسف زئی، کامران بنگش، ڈاکٹر امجد، سینیٹر عثمان ترکئی اور خواتین ایم پی ایز کی جانب سے بھی جمع کروائی گئی۔