حمزہ کا پنجاب میں سو یونٹ استعمال کنندگان کیلیے مفت بجلی کا بڑا اعلان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کم بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے بڑا اعلان کردیا، صوبے میں 100 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت بجلی ملے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں اس ملک کو بچانا ہے، ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے، مجبوری کے تحت سخت فیصلے کیے گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب بجلی کا بل آتا ہے تو قیامت ڈھاتا ہے، پچھلے 6 ماہ میں جنہوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت انہیں مفت بجلی فراہم کرے گی، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بل کا خرچہ اگست سے پنجاب حکومت اٹھائے گی۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہم ضرورت مند افراد کو سولر پینل مفت فراہم کریں گے، مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے، اجالا پروگرام کے ذریعے ضرورت مندوں کو مفت سولر پینل دیں گے، پنجاب حکومت نے سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے 100 ارب روپے رکھے ہیں، اس سے 90 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔