چینی کمپنی کا سینئر ملازمین کو نکالنے کا نیا اور انوکھا حربہ
ووہان: چین میں ایک کمپنی سرخیوں میں آگئی، جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے سینئر ملازمین کو ملازمت سے نکالنے کے لیے ان سے دھوکے سے غیر قانونی کام کروائے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایک چینی کمپنی پر الزام لگایا جارہا ہے کہ اس نے سیکڑوں ملازمین کو غیرقانونی کام کرنے کیلئے دھوکہ دیا تاکہ وہ اس بات کا بہانہ بنا کر انہیں بغیر تنخواہ کے ملازمت سے برطرف کرسکے۔
ووہان میں سی آئی ٹی آئی سی ڈیزائن انسٹی ٹیوٹ کمپنی حال ہی میں ایک بہت بڑے اسکینڈل کا مرکز بن گئی ہے۔
کمپنی نے مبینہ طور پر 200 کے قریب سینئر ملازمین پر قوانین کی خلاف ورزیوں کا الزام لگا کر برطرف کردیا ہے جب کہ درحقیقت کمپنی کے منیجرز نے ان ملازمین کو یہ کام کرنے پر آمادہ کیا تھا۔
کمپنی کوئی مالی معاوضہ پیکیج پیش کیے بغیر اعلیٰ تنخواہوں والے سینئر ملازمین سے چھٹکارا حاصل کرنے کے طریقے تلاش کررہی تھی کہ اسی کوشش میں ایک سینئر منیجر نے ایسے ملازمین کو مختلف بارز اور کلبوں کی طرف راغب کرکے غیرقانونی سرگرمیوں پر آمادہ کیا۔