چین کا بڑا سنگ میل، عوامی سہولت کے لیے ہوائی ٹیکسیاں متعارف
گوانگ ژو: چین نے اپنی حیرت انگیز سائنسی ترقی کی بدولت ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرلیا، وہاں عوامی سہولت کے لیے ہوائی ٹیکسیاں متعارف کرادی گئی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں Ehang دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے جس نے مسافروں کو لے جانے والی پہلی آٹومیٹک ہوائی ٹیکسیوں کا سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا ہے۔
ایہانگ کی EH216-S ہوائی ٹیکسیاں الیکٹریکل ٹیک آف اور لینڈنگ (eVTOL) چھوٹے ہوائی جہاز کی طرح ہیں جو دو مسافروں یا 600 پاؤنڈ سامان کو لے جا سکتی ہیں۔ وہ 16 الیکٹرک روٹرز سے چلتی ہیں اور 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار اور 18 میل تک کی دوری پر پرواز کرسکتی ہیں۔
ہوائی ٹیکسیوں کو ایک مرکزی کمانڈ اور کنٹرول سینٹر کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے جو پرواز کی کیفیت، راستوں اور موسمی حالات پر نظر رکھتا ہے۔
مسافر اندر بیٹھ کر ٹچ اسکرین کے ذریعے اپنی منزل کا انتخاب کرسکتے ہیں اور ہوائی جہاز کو پائلٹ کرنے کی فکر کیے بغیر سواری سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔