غزہ پر اسرائیلی جارحیت، شہدا کی تعداد ساڑھے 8 ہزار سے متجاوز

غزہ: مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ 25 ویں روز بھی جاری ہے اور فضائی بم باری کے ساتھ زمینی حملے بھی تیز کردیے گئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں مزید 219 فلسطینی شہید ہوگئے۔
بیان کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 8525 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 3542 بچے اور 2187 خواتین بھی شامل ہیں۔ اسی طرح اب تک 21 ہزار 543 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
بیان کے مطابق 2 ہزار افراد اب بھی تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں 1100 بچے بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں اور طبی مراکز کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ طبی ٹیموں کے خلاف جنگی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور 130 طبی ورکرز شہید ہوچکے ہیں۔
بیان کے مطابق اب تک 57 طبی مراکز کو اسرائیل نے جان بوجھ کر نشانہ بنایا، جن میں سے 32 مراکز ایندھن کی کمی یا تباہ ہونے کے باعث بند ہوچکے ہیں۔
غزہ کے ترک فرینڈ شپ کینسر اسپتال پر بھی اسرائیل کی جانب سے بم باری کی گئی جس کی وجہ سے اسپتال کا ایک حصہ تباہ ہوگیا اور کینسر کے شکار متعدد مریضوں کو اس باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔