سیلاب سے نقصانات پر افسوس، مشکل گھڑی میں پاکستان کیساتھ ہیں، چین
اسلام آباد: پاکستان میں متعین چین کے سفیرنونگ رونگ کا کہنا ہے کہ مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد میں فرینڈز آف سلک روڈ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر افسوس ہے۔ مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریلیف اور بحالی کے کاموں میں بھرپور حصہ لیں گے۔
چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ چین سے پاکستان کے لیے امداد کی پہلی کھیپ کل روانہ ہوگی۔ فوری طور پر 25000 ٹینٹ اور دیگر امدادی سامان دیا جائے گا۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو 300 امریکی ڈالر اور چین کی ایسوسی ایشنز کی جانب سے 1500 ملین روپے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں دیے جائیں گے۔
نونگ رونگ نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔ پاکستان کے زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری 640 ملین ڈالر ہوگئی ہے جب کہ رواں سال پاکستان کی چین کو برآمدات 4 ارب ڈالرز سے زائد ہوگئی ہیں۔
سیمینار سے خطاب میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ امریکا عسکریت پسندوں کو اپنے اہداف کے حصول کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔ پاکستان میں عسکریت پسندوں کی دوبارہ صف بندی خطرناک اور پاک چین تعلقات پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
سینیٹر مشاہد حسین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات باہمی فائدے پر مبنی ہیں۔ پاکستان نے امریکا اور چین کو قریب لانے کی کوشش کی۔ سی پیک بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔