چیف جسٹس کا نسلہ ٹاور کی زمین بیچ کر الاٹیز کو معاوضہ دینے کا حکم
کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نسلہ ٹاور کی زمین بیچ کر الاٹیز کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور کے متاثرین کو معاوضہ ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران متاثرین کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نسلہ ٹاور کے بلڈر کا انتقال ہوچکا اور تاحال معاوضہ نہیں ملا، عدالت نے 44 متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کا حکم دیا تھا۔
اس پر عدالت نے کہا کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین ملکیت کے دستاویزی شواہد کے ساتھ آفیشل اسائنی سے رابطہ کریں۔
عدالت نے نسلہ ٹاور کے پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو سے متعلق بھی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کا اشتہار شائع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے نسلہ ٹاور کی زمین بیچ کر الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نیلامی میں آنے والی بولی کی بھی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد نے شارع فیصل پر قائم نسلہ ٹاور کو دو سال قبل منہدم کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر انتظامیہ نے مسلسل 69 دن کام کرکے 15 منزلہ نسلہ ٹاور کو مکمل منہدم کیا۔