اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل ہونے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا انکار

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں منتقل ہونے سے منع کردیا۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی۔
ایف آئی اے نے آج بھی چالان جمع نہ کروایا، جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو جلد چالان جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کردی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتا، میں اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہوگیا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ میں اپنے وکلا سے کہوں گا، اڈیالہ منتقلی کی درخواست واپس لے لیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
تحریری حکم نامے میں چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل منتقل کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا گیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولتیں مہیا کی جائیں جس کے وہ حق دار ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔