قوم کو جھکنے نہیں دوں گا، مارچ 25سے29 مئی کے دوران ہوگا، عمران خان

ملتان: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پھر عام انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ 25 سے 29 مئی کے دوران اسلام آباد مارچ کریں گے، حتمی تاریخ کا اعلان کل پرسوں کروں گا، اتنی ڈرپوک حکومت ہے کہ پٹرول اورڈیزل کی قیمت بڑھانے سے ڈررہی ہے، پٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کے لیے نیشنل ایکشن سیکیورٹی کونسل کی میٹنگ بلانا چاہتے ہیں تاکہ فیصلے کا بوجھ فوج پر آئے۔
انہوں نے ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، کبھی اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوںگا، ن لیگ والے جواب دیں کہ کبھی گیدڑ قوم کا لیڈر بن سکتا ہے، کبھی گیدڑ کو بھی کوئی لیڈر مانتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی کرپشن معاف کر دیتا تو سابق صدرجنرل پرویز مشرف کی طرح میں بھی کرسی بچانے کی کوشش کرتا، 11 سال باریاں لینے والوں نے جنرل مشرف سے این آر او لے کرپھر دس سال ملک کو لوٹا، اٹک جیل میں نواز شریف کے آنسو سے ٹشو پیپر ختم ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک خوف کے بت کو نہیں توڑیں گے، قوم کو عظیم نہیں بناسکتے، مرنےکا، ذلت کا، رزق میں کمی یا نوکری جانے کا خوف بڑے انسان کو چھوٹا بنا دیتا ہے، موت سے ڈرنے والے کسی فوجی نے بڑے تمغے نہیں لیے، تیس سال سے ملک کو لوٹنے والوں نے سازش کی۔
عمران خان نے اہل ملتان کو مخاطب کرکے کہا کہ بتاؤ جنوبی پنجاب سے اتنے لوٹے کیسے نکلے؟ امریکی ایمبیسی کے لوگ لوٹوں سے ملنا شروع ہوگئے، وہاں سے سازش ہوگئی، اسلام آباد مارچ سے پہلے آج میرا آخری جلسہ ہے، ان سب کا وقت ختم ہوگیا ہے، اسلام آباد میں عوام کا سمندر آنے والا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو مقروض کرنے والے ملک کے مسئلے حل نہیں کرسکتے، لندن میں بیٹھا ہوا ملک کے فیصلے کررہا ہے، کبھی آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں، کبھی لندن بھاگتے ہیں، وہ خود کو تجربہ کار کہتے تھے، اب پتا لگا ان کو سارا تجربہ کرپشن کا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔