عاقب جاوید کو سب کچھ میں نے سکھایا، چاہت فتح علی خان

لندن: چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے ان کی کپتانی میں کھیلے ہیں۔
نجی ٹی وی سے لندن میں بات چیت کرتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے عاقب جاوید کے کام کو سراہتے ہوئے ان کے لیے پیغام جاری کیا۔
انہوں نے عاقب جاوید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کررہے ہیں اور اس میں مجھے جو سب سے اچھا لگ رہا ہے وہ آپ کا پورے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاکر ٹرائلز لینا اور کیمپس لگانا ہے۔
چاہت فتح کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ آپ نے مجھ سے سیکھا ہے کیوں کہ شیخوپورہ میں جب آپ پہلی بار ٹرائل دینے آئے تھے میں آپ کا کپتان تھا، اگرچہ آپ کی کوئی بال وکٹ میں نہیں جاتی تھی لیکن میں نے آپ کو ٹیم میں رکھ لیا تھا کیوں کہ آپ کا جمپ لگاکر بولنگ کروانا مجھے پسند تھا۔

چاہت فتح نے کہا کہ اسی وجہ سے عمران خان نے بھی آپ کو رکھا تھا کیوں کہ آپ جمپ لگاکر بال کرواتے تھے تو بیٹسمین کو پتا نہیں چلتا تھا کہ آنے والی آؤٹ سوئنگ ہے یا ان سوئنگ، لہٰذا کام کو جاری رکھیں آپ سے ان شاء اللہ جلد ہی ملاقات ہوگی۔
چاہت فتح علی خان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک میرا ویزا ہی کرکٹ کی بنیاد پر لگا تھا، لاہور گورنمنٹ کالج اور پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ میرا کرکٹ کی بنیاد پر ہی ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور قلندرز کے لیے گانا لکھ لیا ہے، اگر لاہور قلندر والے کہیں گے تو میں اس کو ریلیز کردوں گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔