سی سی پی او لاہور نے متنازع بیان پر معافی مانگ لی!

لاہور: سی سی پی او لاہور نے موٹروے واقعے سے متعلق اپنے متنازع بیان پر معافی مانگ لی۔
9 ستمبر کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر گجر پورہ کے قریب دو افراد ایک خاتون کو گاڑی خراب ہونے پر شیشے توڑ کر زبردستی جنگل میں لے گئے تھے، دونوں ملزمان نے خاتون کو ناصرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اس کے بچوں کے سامنے جنسی زیادتی بھی کی۔
اس واقعے پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ خاتون کو موٹروے پر چڑھنے سے پہلے پٹرول چیک کرنا چاہیے تھا اور رات کے وقت بغیر کسی مرد کے سفر نہیں کرنا چاہیے تھا۔
سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو اس بیان پر شدید تنقید کا سامنا ہے، عوام اور سیاستدانوں کی جانب سے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جب کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان نے بھی سی سی پی او کے بیان پر حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تاہم اب سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اپنے متنازع بیان پر معافی مانگ لی ہے۔
عمر شیخ نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی مانگتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی بہنوں، بھائیوں اور سوسائٹی سے معافی مانگتا ہوں، میرا کوئی بھی غلط مطلب یا تاثر نہیں تھا، میں اپنی بہن جس سے زیادتی ہوئی اور تمام طبقات سے معافی مانگتا ہوں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔