بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ جوتے کی نوک پر، کشمیر بھارت کا حصہ تھا نہ ہوگا: وزیراعظم

مظفرآباد: نگراں وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوگوں کو مایوس اور ناامید نہیں ہونا چاہیے، کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ تھا نہ ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، کوئی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔
انوار الحق کاکڑ کا کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہنا تھا مقبوضہ کشمیر سے متعلق کوئی یک طرفہ اقدام پاکستان کو قابل قبول نہیں ہے، بھارتی سپریم کورٹ نے زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے کشمیر پر سیاسی عزائم پر مبنی غیر قانونی اور غیر منصفانہ فیصلہ دیا۔
گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا جو کچھ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہورہا ہے پاکستان اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، کشمیریوں کو طاقت کے زور پر زیر کرنے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا، دنیا کو بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مفاد اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان پر کشمیر کی وجہ سے تین بار جنگ مسلط کی گئی، اگر 300 مرتبہ بھی جنگ مسلط کی گئی تو ہم یہ جنگ لڑیں گے، کسی کے ذہن میں کسی قسم کا کوئی خدشہ ہے تو وہ دُور کرلے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔