قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے اور معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات کریں گے۔
انہوں نے نئی نگراں کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، ہم علامہ اقبال اور قائداعظم کے وژن پر عمل کرکے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے اور مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، یہ ایک تجربہ کار اور بہترین ٹیم ہے، یقین ہے اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا اور تمام وزرا سے امید کرتا ہوں وہ اپنی اپنی وزارتوں میں بھرپور کردار اداکریں گے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں، اکثریت کا کام اقلیت کا تحفظ کرنا ہے، رول آف آرڈر سے ہی قانون کی حکمرانی ہے، ہم قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے، قدامت پسند رجحانات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے اور معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ابھی ملک کا ماحول تقسیم شدہ ہے، ہمیں سیاست اور قانون میں فرق کرنا ہوگا، اگر انارکی ہوگی تو کوئی گورننس، سیکولر اور مذہبی نظام نہیں چل سکے گا، پاکستان تمام مذاہب اور نسلوں کا ملک ہے، حقوق نام پر نہیں کردار اور رویے پر دیے جائیں گے۔
اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیش آنے والے واقعات پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔