اقلیتوں کیخلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، آرمی چیف

اقلیتوں کیخلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، آرمی چیفراولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعے کو انتہائی افسوس ناک اور ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوس ناک اور ناقابل برداشت ہے، نوجوان سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کا فرق سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے تمام شہری بلاتفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کے لیے برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ قومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوان ملک میں امن، ترقی اور خوش حالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
خطاب میں آرمی چیف نے ملک میں انارکی اور بدامنی پھیلانے اور عوام میں دراڑ ڈالنے والوں کا بھی ذکر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پروگرام میں پاکستان بھر سے 370 طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔ آرمی چیف نے انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کو سراہا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔