کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات، ملک بھر میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں

اسلام آباد/ کراچی: پاکستان بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ انتخابات کے شفاف اور پُرامن انعقاد کے لیے انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق 12 ستمبر کو ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے 219 وارڈز میں انتخابی میدان سجے گا، جس میں مجموعی طور پر ایک ہزار 559 امیدوار حصہ لے رہے ہیں اور 21 لاکھ 97 ہزار 741 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، مرد ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 54 ہزار 551 ہے جب کہ 10 لاکھ 43 ہزار 190 خواتین اپنا ووٹ کاسٹ کریں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے 219 وارڈز کے لیے انتخابی سامان کی ترسیل کردی گئی ہے، 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں مجموعی طور پر 1644 پولنگ اسٹیشنز جب کہ 5080 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ سیکیورٹی کے لیے پولنگ اسٹیشنز کی حدود میں پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی موجود ہوں گے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کی موثر نگرانی کے لیے سیکریٹریٹ میں کمپلینٹ سینٹر قائم کردیا ہے، انتخابات کے حوالے سے کسی قسم کی شکایات 9204402 (051) اور 9204403 (051) پر درج کروائی جاسکتی ہے۔ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹہ بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج نشر کرسکتا ہے۔
خیال رہے کہ اپنے وارڈ سے کامیاب ہونے والا امیدوار ممبر کنٹونمنٹ بورڈ بنے گا، نومنتخب کنٹونمنٹ بورڈ کے ارکان وائس پریذیڈنٹ کا انتخاب کریں گے جب کہ کنٹونمنٹ بورڈ کا سربراہ اسٹیشن کمانڈر ہوتا ہے، وائس پریذیڈنٹ اور ارکان اُس کے ماتحت کام کرتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔