کینیڈا: جنگلات میں دہائی کی بدترین آتشزدگی، 22 ہزار افراد بے گھر

ٹورنٹو: کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی دہائی کی بدترین آگ سے متاثرہ صوبے برٹش کولمبیا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ کینیڈا کے جنگلات میں آتش زدگی کے باعث ویسٹ کیلوونا کا شہر شدید متاثرہوا ہے جہاں گھروں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے جب کہ صوبے برٹش کولمبیا میں سرکاری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
برٹش کولمبیا کے سربراہ ڈیوڈ ایبے نے خبردار کیا ہے کہ آتش زدگی کے نتیجے میں صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے اور ہم آنے والے دنوں میں شدید چیلنجنگ صورت حال میں ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق مک ڈوگل کے جنگلات میں آگ نے 24 گھنٹوں کے دوران 6800 ایکڑ کے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث قریباً 4800 افراد کو علاقے سے انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کینیڈا کے مغربی علاقے سے تعلق رکھنے والے قریباً 22 ہزار افراد گھر چھوڑ چکے ہیں۔
آگ سے متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کو بچانے کے لیے انہیں سڑکوں اورہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
برٹش کولمبیا کے سربراہ ڈیوڈ ایبے کا کہنا ہے کہ اس سال ہم جنگلات کی بدترین آگ کا سامنا کررہے ہیں جو تیزی سے بڑھ رہی ہے، اسی وجہ سے صوبے میں ایمرجنسی کا نفاذ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ ہم ایسی پوزیشن میں ہوں جس میں لوگوں کو فوری مدد فراہم کرسکیں۔
ایبے کا کہنا تھا کہ علاقے سے زیادہ سے زیادہ افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جب کہ شہریوں کی جانب سے متاثرہ علاقوں کا سفر ترک نہ کیا گیا تو ایمرجنسی کے احکامات میں ان علاقوں کے لیے سفری پابندیاں بھی شامل ہوسکتی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔