سی پیک اولین ترجیح، منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلیے پُرعزم ہیں: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے یہ بات پاک چین رولنگ پارٹیز ڈائیلاگ سیشن میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر ارشد داد بھی اس ورچوئل اجلاس میں شریک تھے جب کہ چین کی جانب سے آئی ڈی سی پی سی کے وزیر سانگ تاؤ، نائب وزیر چن ژاؤ اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے شرکت کی۔
شاہ محمود قریشی کا کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے ناصرف گفت و شنید کا سلسلہ جاری رکھا، بلکہ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعاون کو مزید فروغ دیا۔ ہماری یہ میٹنگ اس وقت منعقد ہورہی ہے جب ہم اپنی قومی اور دو طرفہ تاریخ کے اہم مراحل سے گزر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے 21 مئی کو اپنی لازوال دوستی کے ستر سال مکمل کیے۔ چین نے غربت کے خاتمے کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اسی سال جولائی میں اپنے سو سال مکمل کررہی ہے۔ یہ ہمارے دونوں ممالک اور سیاسی پارٹیوں کے لیے تاریخی موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس تاریخی موقع پر کمیونسٹ پارٹی آف چین، جنرل سیکریٹری شی جن پنگ اور دونوں ممالک کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کی مسلسل کاوشوں سے، پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ لازوال دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہوتی گئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کی بنیاد ایک دوسرے پر پختہ اعتماد، سوچ اور مفادات کی یکسانیت پر ہے۔ پاکستان اور چین کے عوام کے مابین قلبی تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تبدیلی کا مظہر ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ہم صنعتی ترقی، تخفیف غربت، روزگار کی فراہمی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ سات دہائیوں پر مشتمل مثالی دو طرفہ تعلقات اسٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں بدل چکے ہیں۔ پارٹیز کی سطح پر پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین بہترین دو طرفہ تعاون، خوش آئند ہے۔
وزیر خارجہ کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، وزیراعظم عمران خان نے چین کی ان کامیابیوں کو ترقی پذیر ممالک کے لیے قابلِ تقلید قرار دیا ہے۔ غربت کا مکمل خاتمہ اور چین کے خلائی مشن کی مریخ پر کامیاب لینڈنگ ان کامیابیوں کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ کے خواہش مند ہیں، تاکہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوسکیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔