افریقی ملک بُرکینا فاسو میں دھماکا، طلباء سمیت 35 افراد ہلاک
واگادوگو: مغربی افریقی ملک بُرکینا فاسو میں بارودی سرنگ دھماکے میں طلباء سمیت 35 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک بُرکینافاسو میں اُس وقت بارودی سرنگ میں دھماکا ہوگیا جب وہاں سے فوجی حفاظت میں ایک اسکول کی بس اور تاجروں کا قافلہ گزر رہا تھا۔
دھماکے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے جن میں وہ طلبا بھی شامل ہیں جو تعلیمی سال مکمل ہونے پر گھر کو واپس آرہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مقامی تاجر شامل ہیں جو اشیاء کی خرید و فروخت کے لیے ایک سے دوسرے شہر جارہے تھے۔
بارودی سرنگ دھماکے میں قافلے میں شامل ٹرکوں اور بسوں کو بھی نقصان پہنچا البتہ قافلے کی حفاظت کے لیے ساتھ چلنے والے فوجی اہلکار حملے میں محفوظ رہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے، تاہم بُرکینا فاسو کی سرحد نائیجر اور مالی سے ملتی ہیں اور شدت پسند ان سرحدوں کو عبور کرکے ایسی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ جنگ زدہ برکینافاسو میں اگست کے آغاز میں یکے بعد دیگرے ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے میں 15 فوجی مارے گئے تھے اور اسی طرح جون میں ہونے والے ایک حملے میں 86 شہری جان سے گئے تھے۔