راولپنڈی، تشدد کرنے والے بیٹے اور بہو کو ماں نے معاف کردیا!

راولپنڈی: ماں عظیم نعمت ہے، لیکن بعض بدقسمت لوگ والدین کی قدر نہیں کرتے۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک افسوس ناک وڈیو وائرل ہوئی تھی، جس پر ہر دل دُکھ سے چُور تھا کہ ایک بیٹا اپنی ماں پر تشدد کرتا واضح دیکھا جاسکتا تھا، یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی میں تھانہ صادق آباد کے علاقے میں پیش آیا تھا۔ اب اس حوالے سے خبر ہے کہ تشدد کرنے والے بیٹے اور بہو کو بوڑھی ماں نے معاف کردیا ہے اور لوگوں سے بھی اپنے بیٹے کو معاف کرنے کی درخواست کی ہے۔
تشدد کی وڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی اور پاکستان کی نامور شخصیات نے ایک بیٹے کی جانب سے ماں پر بہیمانہ تشدد کرنے کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ سوشل میڈیا پر بھی یہ واقعہ ٹرینڈنگ میں رہا تھا۔ بعدازاں پولیس نے بوڑھی ماں پر تشدد کرنے والے بیٹے کو گرفتار کرلیا تھا۔
تاہم اب انہی خاتون کی ایک نئی وڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے اپنے بیٹے اور بہو سے سارے گلے شکوے بھلا کر انہیں معاف کردیا ہے۔ وڈیو میں خاتون کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ میرے بیٹے اور بہو نے مجھ سے معذرت کی ہے اور میں اپنے بیٹے کو خدا کے حضور معاف کرتی ہوں۔
بوڑھی خاتون نے لوگوں سے بھی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کی اس حرکت سے جن لوگوں کی دل آزاری ہوئی ہے ان سب سے اپنے بیٹے کی طرف سے معافی مانگتی ہوں اور وہ لوگ بھی میرے بیٹے کو معاف کردیں، اللہ میرے بیٹے کو ہدایت دے۔ میں نے بیان حلفی دے دیا ہے لہذٰا میرے بیٹے کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہ ہو اللہ تعالیٰ بہتری کرے۔ وڈیو میں خاتون کے بیٹے کو اپنی ماں کے ساتھ بیٹھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔