سلیکٹڈ وزیراعظم کو عوام کی فکر نہیں، پٹرول مہنگا کرکے مافیا کو فائدہ پہنچایا، بلاول
اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی نااہلی کی وجہ سے ڈوبتی معیشت کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر سہارا نہیں دے سکتے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پٹرول سستا کرکے ذخیرہ کروایا اور پھر مہنگا کرکے عمران خان نے مافیا کو فائدہ پہنچایا، جب پٹرول سستا کیا تو قلت پیدا کی گئی اور کم قیمتوں کے ثمرات بھی عوام تک نہ پہنچ سکے، پٹرول سستا ہونے سے کچھ سستا نہیں ہوا تھا مگر مہنگا ہونے سے مزید مہنگائی ضرور ہوگی، یہی نیا پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو عام آدمی کی کوئی فکر نہیں، ایک ایسے وقت میں جب عوام کو مزید ریلیف کی ضرورت تھی، پٹرول مہنگا کرنا غریب دشمنی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کرنے والے ماضی میں معمولی اضافوں پر تنقید کرتے رہے ہیں، عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر عمران خان اپنی نااہلی کی وجہ سے ڈوبتی معیشت کو سہارا نہیں دے سکتے۔