بڑا سنگ میل عبور، پاکستان میں واٹس ایپ کی متبادل ایپ متعارف

اسلام آباد: ملک عزیز نے ایک بڑا سنگ میل عبور کرلیا، پاکستان میں واٹس ایپ کی متبادل چیٹنگ ایپ بیپ پاکستان متعارف کرادی گئی۔
پاکستان کی پہلی کمیونیکیشن ایپ کا اجرا کردیا گیا، وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے بیپ پاکستان نامی ایپلی کیشن کا افتتاح کیا۔
سید امین الحق نے ای آفس کے نئے و جدید ویب ورژن کا بھی اجراء کیا۔ اسمارٹ و ای آفس کے تحت ان ایپلی کیشنز کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت بنایا گیا۔
وفاقی وزیر امین الحق نے بتایا کہ بیپ پاکستان مکمل پاکستانی ساختہ آڈیو، وڈیو اور کانفرنس کالنگ کے ساتھ چیٹ ایپلی کیشن ہے، تمام ڈیٹا پاکستان میں محفوظ ہوگا اور ابتداء میں ایپ مخصوص سرکاری افسران استعمال کریں گے۔ ایک ماہ کے تجرباتی استعمال کے بعد تمام حکومتی افسران و ملازمین اس کا استعمال کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایپلی کیشن کا مقصد حکومتی افسران و ملازمین کے مابین اہم سرکاری گفتگو کو محفوظ بنانا ہے، کامیابی سے استعمال کے ایک سال بعد اسے عوامی استعمال کے لیے بھی اوپن کردیا جائے گا۔
تقریب میں وفاقی وزیر سید امین الحق کو شاندار خدمات پر شرکاء نے کھڑے ہوکر تالیوں کی گونج کے ساتھ خراج تحسین پیش کیا، سوا تین سال کے دور وزارت میں سید امین الحق نے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔